مشہور موسیقار انیل وشواس نے ایک بار کہا تھا کہ مناڈے ہر وہ گانا گا سکتے ہیں، جو محمد رفیع، کشور کمار یا مکیش نے گایا ہے لیکن ان میں کوئی بھی مناڈے کا ہر گانا نہیں گا سکتا ۔ اسي طرح آواز کی دنیا کے بے تاج بادشاہ محمد رفیع نے ایک بار کہا تھا، آپ لوگ میرے گانے سنتے ہیں لیکن اگر مجھ سے پوچھا جائے تو میں کہوں گا کہ میں منا ڈے کے گانے ہی سنتا ہوں۔
مناڈے اپنی گلوکاری سے الفاظ کے پیچھے چھپے تاثرات کو بڑی خوبصورتی سے سامنے لاتے تھے شاید یہی وجہ ہے کہ ہندی کے مشہور شاعر ہری ونش رائے بچن نے اپنی غیر معمولی شاہکار’مدھو شالا ‘کو آواز دینے کے لئے منا ڈے کا انتخاب کیا تھا۔ فلموں میں قابل ذکر خدمات کے لئے انہیں 1971 میں پدم شري ایوارڈ اور2005 ء میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔