ویسے تو 2 ارب سے زائد صارفین کے ساتھ فیس بک دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ ہے مگر لگتا ہے کہ لوگوں کی اس میں دلچسپی بہت تیزی سے ختم ہوتی جارہی ہے، خصوصاً نوجوان اس سے منہ موڑ رہے ہیں۔
یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی۔
ای مارکیٹر کی ایک تحقیق کے مطابق اگرچہ درمیانی عمر یا بوڑھے افراد کی جانب سے فیس بک کی رکنیت حاصل کرنے کی شرح بڑھ رہی ہے مگر نوجوان بہت تیز رفتاری سے اس سوشل نیٹ ورک سے دور ہورے ہیں۔
اور فیس بک سے دور ہونے والے نوجوان اس کی حریف ایپ اسنیپ چیٹ کا رخ کررہے ہیں۔
تحقیق کے مطابق امریکا اور برطانیہ کے نوجوانوں میں فیس بک سے دوری کا رجحان زیادہ بڑھ چکا ہے مگر پھر بھی وہاں سماجی رابطے کی اس سائٹ کو زیادہ عمر کے افراد کی وجہ سے نقصان کا سامنا نہیں ہورہا۔
تحقیق میں فیس بک کی اس پریشانی پر روشنی ڈالی گئی جو نوجوانوں کو اپنی جانب کھیچنے میں ناکامی کی وجہ سے ہے جو کہ عرصے سے اس سوشل نیٹ ورک کا دل رہے ہیں۔