حیدرآباد۔؛ اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی اور مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ مغرب کی سازش کا شکار ہوکر آپس میں اختلافات اور جنگ و جدال میں ملوث ہونے کے بجائے کلمۂ توحید کی بنیاد پر متحد ہوجائیں۔ مغربی طاقتیں اسلام اور مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کررہی ہیں جبکہ اسلام محبت، اعتدال اور رحمت کا مذہب ہے۔ مغربی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں قرآن اور سیرت طیبہ کو اپنا رہنما بنانا ہوگا۔

ڈاکٹر حسن روحانی آج شام ہوٹل تاج کرشنا میں علماء مشائخین، عمائدین اور دانشوروں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ صدر ایران نے کہا کہ ان کا ملک کسی بھی ملک کے ساتھ اختلاف اور جنگ نہیں چاہتا بلکہ وہ اپنے حقوق کا دفاع کرتے ہوئے مصالحت اور مذاکرات کے ساتھ مسائل کی یکسوئی کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان، شام اور یمن کے مسائل کے حل کے لیے ایران سنجیدہ ہے اور وہ چاہتا ہے کہ تمام مسلم ممالک اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان ممالک میں موجودہ صورتحال کا حل تلاش کریں۔ اتحاد کے ذریعہ ہی ہم مغربی طاقتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے قرآن مجید کی مختلف آیات کی تلاوت کی اور کہا کہ اللہ تعالی نے انسانیت کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے اسوہ حسنہ کو بطور رہنما اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے بارہا اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنی نئی نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے غلط استعمال اور برائیوں میں مبتلا ہونے سے روکنے کی کوشش کریں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مثبت معلومات کے حصول اور ترقی کا ذریعہ بنانے کا حوصلہ دے۔















/odishatv/media/media_files/2026/04/19/billionaire-entrepreneur-2026-04-19-23-55-02.jpg)


