غزہ ؛آج صبح غزہ کے مختلف علاقوں میں غاصب صہیونی حکومت کے تازہ ترین وحشیانہ حملوں میں دسیوں فلسطینی شہید ہونے کے ساتھ غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 651 ہوگئي ہے جبکہ صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں 4040 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
قدس پریس کی رپورٹ کے مطابق مشرقی خان یونس میں واقع عبسان کالونی میں صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔ غزہ کے شمال میں بیت لاھیا کے علاقے میں بھی صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں کی بمباری میں کم از کم دو فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
الاقصی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق خان یونس شہر میں بھی صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں 6 فلسطینی شہید اور 20 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب صہیونی اخبار معاریو نے طبریا کے علاقے میں صہیونی حکومت کی فوج کے کئی ٹرک اور دسیوں گاڑیوں کے تباہ ہونے کی خبر دی ہے۔ اسرائیل کے ایک ٹی وی چینل نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین پر استقامت کے پے در پے حملوں کے نتیجے میں صہیونی فوجی اپنے اعلی افسروں کے احکامات ماننے سے انکار کررہے ہیں۔