العربیہ ڈاٹ نیٹ؛اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان اور شام کی سرحد پر واقع شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔
العربیہ کے نمائندے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوموار کی رات لبنان کی وادی بقاع میں اسرائیلی بمباری کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور حزب اللہ کے متعدد کارکنوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے بارے میں بیان جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) کی اطلاع کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے وادی بقاع میں واقع گاؤں النبی شیت پر دوفضائی حملے کیے ہیں۔
این این اے نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے مشرقی اور مغربی پہاڑوں علاقوں پر نچلی پروازیں کی ہیں۔لبنان کے آزاد نیوز چینل ایم ٹی وی نے اسرائیلی جنگی طیاروں کے وادی بقاع کے سرحدی دیہات بریتال ،حورطلا،النبی شیت ،الخضر اور علی النہری پر حملوں کو فوجی مشق کا حصہ قراردیا ہے۔
ادھر برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے حزب اللہ کے میزائلوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔العربیہ کے نمائندے نے غیر مصدقہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حزب اللہ کے کارکنان شام سے بیلسٹک میزائل سرحدی گاؤں میں منتقل کررہے تھے اور حملے میں انھیں ہی نشانہ بنایا گیا ہے۔