امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگون کی ڈیفینس لاجسٹک ایجنسی (ڈی ایل اے) کے پاس کروڑوں ڈالر کے اخراجات کا حساب کتاب نہیں ہے۔
اس بات کا انکشاف ایک نئے آڈٹ میں ہوا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے پولیٹیکو کے مطابق آڈٹ کرنے والی کمپنی ‘ارنسٹ اینڈ ینگ’ کو ایجنسی کی جانب سے 80 کروڑ ڈالر کے اخراجات کا حساب نہیں مل سکا۔
یہ رقم مبینہ طور پر فوجی پروجیکٹس کی تعمیر اور کمپیوٹر سسٹم پر خرچ کی گئی ہے۔
ڈی ایل اے نے اپنے اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے میں کوتاہی کا اعتراف کیا ہے لیکن کہا کہ ان کا ‘حساب گم نہیں ہوا ہے۔’
ڈی ایل اے کی ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا: ‘ڈی ایل اے ارنسٹ اینڈ ینگ کی تشخیص کے عمل سے متفق ہے کہ ہم سے مخصوص تعمیری پروجیکٹس کے تحت اپنی فنڈنگ کا حساب رکھنے میں کوتاہی ہوئی ہے۔‘
‘حساب کتاب رکھنے میں کمی ہوئی ہے لیکن اصل ملکیت یا اس سے متعلق فنڈنگ کا حساب نہیں کھویا ہے۔’