اردو کے معروف شاعر طاہر وارثی کی رِحلت
ممبئی : 28اپریل۔ (ندیم صدیقی) اُردو کے معروف شاعراور ممبئی کے قدیم ادبی حلقے کے ممتاز شخص
(77سالہ) طاہر وارثی گزشتہ پیر 26 اپریل کو جمشید پور میں انتقال کر گئے۔ طاہر وارثی کا آبائی وطن تو بارہ بنکی(یوپی) تھا مگر ان کی پیدائش ممبئی ہی میں ہوئی تھی۔وہ ملت نگر (ممبئی) میں رہتے تھے ان کے بیٹے شکیب وارثی کی اطلاع کے مطابق وہ اپنی بیٹی سے ملنے جمشید پور گئے تھے اور وہاں ان کی طبیعت خراب ہوئی تو ہسپتال میں داخل کیا گیا ان کی حالت کچھ سنبھل بھی گئی تھی مگر پیر کو ان کا آکسیجن لیول گِر گیا اور وہی ان کی موت کا سبب بنا۔ طاہر وارثی کا کلام مختلف اخبارات میں شائع ہوتا رہا ہے کئی معاصر اخبارات میں حالاتِ حاضرہ پر ان کے لکھے ہوئے قطعات بھی تواتر سے چھپتے رہے ہیں۔ وہ اپنا شعری مجموعہ چھپوانے کے لیے کوشاں تھے مگر زندگی نے انھیں مہلت نہیں دی ۔ان کے پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ان کی تدفین جمشیدپور ہی میں عمل میں آئی ان کے بیٹوں نے جملہ مسلمین سے اپنے والد کے حق میں دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے ۔