بغداد ۔ :مملکت اسلامی عراق و شام ‘داعش’ نے تمام مسلمانوں کے لیے خود کو خلیفہ قرار دینے والے ابو بکر البغدادی کی ویڈیو جاری کیا ہے۔ تاہم دوسری جانب عراقی حکومت نے اس ویڈیو کو جعلی قرار دیکر مسترد کر دیا ہے۔مگر یہ بھی کہا جا رہا کہ خود ساختہ خلیفہ کا یہ ویڈیو اسکے زخمی ہونے سے قبل والے جمعہ کا ہے۔
ابتک روپوشی کی زندگی گذارنے والے البغدادی کی یہ ویڈیو جنگجووں کے زیر قبضہ شمالی شہر موصل کی ایک مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے تیار کی گئی۔
ویڈیو میں ابوبکر البغدادی سیاہ پگڑی اور عمامہ پہنے خود کو خلیفہ قرار دیتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ “میں تم میں سب سے بہتر تو نہیں تاہم اگر تم مجھے درست راستے پر پاو، تو میری مدد کرو۔”
“اگر تم مجھے غلطی پر پاو، تو مجھے نصیحت کرو اور مجھے درست راستے پر واپس لاو۔ تم اس وقت تک میری اطاعت کرو، جب تک میں تمہارے سامنے اللہ کی اطاعت کروں۔”
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس ‘اے پی’ کے مطابق یہ ویڈیو داعش کے زیر استعمال رہنے والی دو ویب سائٹس پر شائع کیا گیا، تاہم کسی آزاد ذریعے سے اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ ویڈیو میں دیکھا جانے والا شخص حقیقی ابو بکر البغدادی ہے۔ ویڈیو پر تنظیم کے میڈیا ونگ ‘الفرقان’ کا لوگو نظر آ رہا ہے۔
اسلامی تحریکوں کے ماہر ایمن التمیمی کے مطابق ویڈیو بغدادی کی پہلی باقاعدہ رونمائی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق جہادی رہنما 2008ء میں ایک مختلف نام سے منظر عام پر آیا تھا۔
عراق: فوٹیج غلط ہے https://www.youtube.com/watch?v=wwDgIT9OpUQ
درایں اثنا عراقی حکومت نے بغدادی کی ویڈیو کو ‘غلط’ قرار دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر جنرل سعد معان نے برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائیٹرز’ کو بتایا کہ فوٹیج میں دکھائی دینے والے شخص ‘غیر متنازع’ طور پر البغدادی نہیں ہے۔ ہم نے فوٹیج کا جائزہ لیا ہے اور اسے ایک دھوکا پایا ہے۔
معان کے مطابق حکومت فورسز نے البغدادی کو حالیہ ہوائی حملے میں زخمی کیا جس کے بعد داعش کے جنگجووں نے علاج کی غرض سے شام منتقل کیا۔ انہوں نے مزید تفصیل بتانے سے انکار کر دیا کیوںکہ اس دعوے کی آزاد طور پر تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
ادھر عراقی محکمہ سراغرسانی کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ابتدائی تجزیے سے یہی یقین ہوتا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص ابوبکر البغدادی ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ جمعہ کے روز ظہر کے قریب موصل میں گاڑیوں کا بڑا کاررواں پہنچا اور ساتھ ہی علاقے میں موبائل سروس بند ہو گئی، یہ سروس قافلے کی واپسی پر دوبارہ بحال ہو گئی۔