پٹنہ، 5 جون (یو این آئی) راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے صدر اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے یہ اشارہ دیا ہے کہ اسے شکست دینے کے لئے وہ کوئی بھی قربانی دے سکتے ہیں۔مسٹر یادو نے مائکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے ‘‘بی جے پی لالو کی سب سے بری دشمن ہے اسے ہرانے کے لئے وہ کوئی بھی قربانی دے سکتے ہیں’’۔مسٹر یادو کے ٹوئٹ سے یہ واضح اشارہ مل رہا ہے کہ رواں برس کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے
کے لئے وہ کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
آر جے ڈی کے صدر نے اپنے روایتی انداز میں سنت کبیر کے ایک دوہے کے ذریعے مثال دی جس کا مطلب ہے ‘جو ہماری مذمت کرتا ہے اسے ہمیں زیادہ سے زیادہ اپنے پاس ہی رکھنا چاہئے کیونکہ وہ تو پانی اور صابن کے بغیر ہی ہماری خامیاں بتاکر ہمارے باطن کو صاف کرتا ہے ’’۔خیال رہے کہ جنتا پریوار کے انضمام میں اڑچن کے بعد ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے گذشتہ چنددنوں سے حکمراں جنتادل (یو نائٹیڈ) اور آر جے ڈی کے درمیان جاری بیان بازی سے اتحاد پر بھی خطرے کے بادل نظر آنے لگے تھے ۔ لیکن جنتادل (یو) کے قومی صدر شردیادو کے بیان کے بعد اتحاد کے سلسلے میں پھر سے ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے ۔