برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق بوٹسوانا میں کان کنوں نے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا دریافت کیا ہے، جو 2 ہزار 492 قیراط کا ہے، جس کی مالیت کروڑوں میں ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ نایاب ہیرا گزشتہ 120 سالوں میں دریافت ہونے والا سب سے بڑا ہیرا ہے، جس کی مشابہت 1905 میں جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والے دنیا کے مشہور کولینن ہیرے سے کی جا رہی ہے۔
کولینن ہیرا 3,106 قیراط کا تھا، جو بعد میں 9 الگ الگ پتھروں میں کاٹ دیا گیا تھا، جن میں سے کئی اب برطانوی شاہی زیورات کا حصہ ہیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ نیا دریافت ہونے والا ہیرا کس حد تک اعلیٰ معیار کے جواہرات میں تبدیل ہو گا، لیکن اس کی بہت بڑی جسامت کی وجہ سے اس کی قیمت کروڑوں میں ہو سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس قیمتی پتھر کو شمال مشرقی بوٹسوانا میں واقع کارووے (Karowe) نامی ہیروں کی کان سے نکالا گیا۔
لوکارا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم لیمب نے کہا کہ ’اس ہیرے کو 2017 میں نصب کی گئی ایکسرے ٹرانسمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے دریافت کیا گیا، جو بڑے اور قیمتی ہیروں کی شناخت اور تحفظ کیلئے تیار کی گئی ہے۔
اس کان میں حالیہ برسوں میں دو دیگر بڑے ہیرے بھی مل چکے ہیں، جن میں 1,758 قیراط کا سویلو اور 1,109 قیراط کا لیسیڈی لا روما Lesedi La) Rona) شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بوٹسوانا دنیا کے سب سے بڑے ہیرے پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے اور یہی اس کا اہم ذریعہ آمدن ہے۔