دبئی کے گرینڈ حیات ہوٹل کے ایک کمرے سے قہقہے گونج رہے ہیں اور یہ نوک جھونک جاری ہے کہ ’میری ٹیم جیتے گی تمہاری ٹیم ہارے گی‘۔
یہ سب کچھ ان دو افراد کے درمیان ہورہا ہے جو سرحد کے دونوں جانب رہتے ہیں لیکن دونوں کے دل جیسے ایک دوسرے کے لیے دھڑکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شکاگو میں برسوں سے مقیم پاکستانی کرکٹ شائق محمد بشیر بوزئی نے انڈیا سے تعلق رکھنے والے سدھیر کمار گوتم المعروف سچن تنڈولکر کو ایشیا کپ کے لیے دبئی بلا لیا ہے۔
یہ دونوں ایک ہی کمرے میں رہتے ہوئے ایک دوسرے سے دل کا حال بھی بیان کررہے ہیں اور ہنسی مذاق بھی کررہے ہیں لیکن جب بات انڈیا پاک کرکٹ کی شروع ہوجائے تو پھر یہ دونوں ایک دوسرے پر خوب فقرے کسنے لگتے ہیں۔
سدھیر کمار گوتم مخاطب ہوتے ہیں ’چاچا جی ٹینشن مت لو انڈیا جیتے گا‘۔
یہ سن کر بشیر بوزئی بلند آواز میں جواب دیتے ہیں ’تمہیں مایوسی ہوگی کیونکہ جیت پاکستان کی ہوگی‘۔