سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق بالائی علاقوں بالخصوص گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تازہ برف باری ہوئی۔ وادی کے میدانی علاقوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں جہاں جمعہ کو دوپہر ایک بجے تک اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی، وہیں دوپہر ایک بجے آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں۔ اس کا سلسلہ شام تک جاری رہا۔
وادی میں گذشتہ رات شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین جگہ ثابت ہوئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔