ہندوستانی عازمین حج کا بیت اللہ کے لئے سفر آج سے شروع ہو چکا ہے۔ پورے ملک سے آج تقریباَ 3000 لوگ حج کے لئے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں۔ دلی کے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ٹرمنل دوم سے عازمین کا پہلا قافلہ سوئے حرم کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔ روانگی سے قبل یہاں ایئر پورٹ پر ایک تقریب کا انتظام کیا گیا جس میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے بطور خاص شرکت کی۔
اس موقع پر اقلیتی وزیر نے عازمین حج کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سے ملک میں خوشحالی اور امن وامان کی فضا برقرار رہنے کے لئے خصوصی دعا کرنے کی اپیل کی۔ دلی سرکار کے مسلم وزیر عمران حسین تقریب ختم ہونے کے بعد ائیرپورٹ پہنچے اور انہوں نے عازمین کے تئیں اپنی نیک خواہشات ظاہر کیں۔