وزیر اعظم نریندر مودی نے پی ایس ایل وی سی 42 کی کامیاب لانچنگ پر اسرو کے سائنسدانوں کو مبارک باد دی ہے ۔مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا”ہمارے خلائی سائنسدانوں کو مبارکباد۔ اسرو نے پی ایس ایل وی سی 42 کا کامیاب لانچ کیا۔ برطانیہ کے دو سیٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ اپنے مدار میں نصب کیا اور مسابقتی خلائی کاروبار میں ہندوستان کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا”۔ اسرو کے صدر ڈاکٹر کے سیون نے لانچنگ کے بعد مشن سے منسلک سائنسدانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل طور پر کامیاب مشن رہا اور دونوں سیٹلائٹس کو ان کو مقررہ مدار میں نصب کر دیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا، “پی ایس ایل وی سی 42 کے ذریعے ہمارے کسٹمر کے دو سیٹلائٹس کو مدارمیں قائم کئے جانے سے میں انتہائی خوش ہوں۔ اس کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پی ایس ایل وی استعمال کے لئے سہل اور آسان لانچنگ وہیکل ہے ”۔ ڈاکٹر سیون نے مشن کی کامیابی کے لئے اسرو کی ٹیم کو مبارکباد اور کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے صنعت کو پی ایس ایل وی کی تعمیر کے لئے نئی توانائی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرو کی ٹیم نے شاندار کام کیا ہے ۔ وہ ہر موقع پر موجود رہے اور مشن کی ہر ضرورت وقت پر پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سال یا تھوڑے سے زیادہ وقت میں پی ایس ایل وی کو زیادہ سادہ مزید جدید بنایا جائے گا۔
مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں پوچھے جانے پر اسرو کے چیئرمین نے کہا کہ اگلے چھ ماہ میں 18 مشن کا منصوبہ ہے جن میں 10 سیٹلائٹ اور آٹھ لانچ وہیکل مشن ہیں۔ انہوں نے کہا”ہم پر کافی ذمہ داری ہے ”۔پی ایس ایل وی کی یہ 44 ویں پرواز تھی۔ نووا کے بی 445 کلو گرام وزنی ایس بینڈسنتھیٹک ایپرچر رڈار سیٹلائٹ ہے جو جنگلات کے نقشے ، زمین کے استعمال اور برف کی تہہ کی نگرانی، سیلاب اور تباہی نگرانی کرے گا، بحری جہاز اور سمندری سرحد پر بھی نظر رکھے گا جبکہ 444 کلو گرام وزنی ایس1-4 ایک ہائی ریزولیوشن آپٹیکل سیٹلائٹ ہے ، جس کا استعمال وسائل، ماحولیات کی نگرانی اور شہری سروے کے لئے کیا جاتا ہے ۔