اکھلیش یادو نے کہاپوروانچل ایکسپریس وے بنانے کیلئے وزیراعظم مرکزی حکومت سے دلائیں پیسہ
لکھنؤ۔(بیورو)سماجو ادپارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے مہنگائی اوربے روزگاری کے سلسلے میں مرکز کی مودی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی جماعتیں سماج وادی پارٹی اوربی ایس پی ہی نہیں ملک کے عوام بھی بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بڑھ رہی مہنگائی اوربے روزگاری سے پریشان ہیں۔عوام چاہتے ہیں کہ بی جے پی اقتدار سے ہٹے ملک میں تبدیلی آئے کیونکہ نوٹ بندی اورجی ایس ٹی سے بڑے پیمانے پر کاروبار بند ہوگئے ہیں ۔کثیرتعداد میں لوگوں کی ملازمتیں گئیں ہیں۔
بی ایس پی سربراہ مایاوتی کی جانب سےنشستوں کی باعزت تعداد ملنے پرہی اتحاد کے سوال پر اکھلیش یادونے کہا کہ آپ لوگ دیکھیں گے بہت اچھا اتحاد ہوگا۔مسٹریادو نے کہا کہ ملک بہت چیزوں میں پیچھے چلا جارہاہے۔ڈیژل اورپٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں ،سب چیزیں مہنگی ہورہی ہیں ہم چاہتے ہیں کہ بی جے پی کے لوگ اقتصادی پالیسیوں میں کچھ ایسا کردکھائیں جس سے آج جتنے روپئے میں ڈالر مل رہاہے اتنے ڈالر میںروپیہ ملے۔اکھلیش نے کہا کہ مہنگائی سے لوگوں کا نقصان ہورہاہے ، کسی کو ملازمت اورروزگارنہیںمل رہاہے ۔ مہنگائی کے سلسلے میں لوگ بھلے ہی بول نہیں رہے ہیں لیکن غصے میں ہیں وقت آنے پر اس کاحساب لیں گے۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی دفترپر وشوکرماجینتی پر منعقد پروگرام میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اکھلیش نے وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے وارانسی میں سالگرہ منانے پر انھیں مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ جب سالگرہ منائی جارہی ہے تو وزیراعظم کو چاہئے کہ یوپی کو تحفہ دیں۔