بالخصوص جمعرات کے دن ہی قندھار صوبے میں ہوئے ایک بڑے حملے کی وجہ سے ملک بھر میں خوف کی فضا پھیلی ہوئی ہے ۔اس حملے میں صوبائی پولیس کے سربراہ اور خفیہ چیف بھی مارے گئے تھے جبکہ افغانستان میں تعینات امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر بال بال بچ گئے تھے ۔ اسی تشدد کے باعث قندھار میں الیکشن کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے ۔
طالبان باغیوں نے کہا ہے کہ وہ الیکشن کے عمل کا سبوتاژ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ اس الیکشن سے قبل ہی ان جنگجوؤں نے ملک کے متعدد علاقوں میں پرتشدد کارروائیاں بھی کیں۔ان حملوں کے نتیجے میں ملک بھر میں سینکڑوں افراد مارے گئے جبکہ نو امیدوار بھی لقمہ اجل بنے ۔
افغانستان میں مقامی وقت کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح سات بجے ہوا، جو شام چار بجے تک جاری رہے گی۔افغان الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی اور سرکاری نتائج کی تیاری میں کم از کم دو ہفتے کا وقت درکار ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے اس انتخابی عمل کے لیے سات ہزار تین سو پچپن پولنگ اسٹیشن بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم سکیورٹی اور انتظامی مسائل کی وجہ سے پانچ ہزار ایک سو پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔