عروس البلاد ممبئی میں مانسون کے دوران شمال مغربی علاقہ کے سب سے مصروف ترین علاقہ اندھیری میں آج صبح ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ لیکن ایک ریلوے پْل (اوور برج) کا حصہ گرنے کی وجہ سے 5افراد زخمی ہوگئے اور ان میں سے دوکی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
صبح ساڑھے 7بجے پیش آیا حادثہ اگر ایک گھنٹے کی تاخیر سے پیش آتا تو بھاری جانی ومالی نقصان کا امکان ہوتا۔ مذکورہ حادثے کے سبب ویسٹرن ریلوے کی لوکل خدمات ٹھپ پڑگئی ہے اور کئی طویل مسافتی ٹرینیں روک دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اندھیری کے مغربی اور مشرقی علاقے کو ایک دوسرے سے جوڑنے والے اووربرج پر موٹرگاڑیوں کی آمدورفت 24گھنٹے جاری رہتی ہے کیونکہ یہ ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے (احمدآباد ہائی وے )سے جڑاہوا ہے۔