وارانسی: وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ 28 جون کو اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی کے ایک روزہ دورے پر یہاں پہنچ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسٹر مودی اس دوران کئی پروگراموں کے علاوہ ایک جلسے سے بھی خطاب کریں گے ۔ مسٹر مودی کی ریلی کے لئے پارٹی رہنماؤں نے بھی الگ سے تیاریاں شروع کر دی ہے ۔ ان کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کوجلسہ گاہ تک لایا جائے ۔
پارٹی کے ایک رہنما نے بتایا کہ 25 ہزار سے زائد لوگوں کے اجتماع میں شامل ہونے کا امکان ہے ۔ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے کاشی ہندو یونیورسٹی (بي ایچ یو) کے ٹراما سینٹر کے ارد گرد تجاوزات کو ہٹانا شروع کر دیا ہے ۔
ضلع انتظامیہ کو گزشتہ 18 جون کو وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے مسٹر مودی کے وارانسی آنے کے پروگرام اطلاع دی گئی تھی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے تیاریاں شروع کر دی تھی۔
ضلع کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (پروٹوکول) اوم پرکاش چوبے کے مطابق، مسٹر مودی 28 جون کو شام ساڑھے چار بجے اتر پردیش کے وارانسی آئیں گے اور یہاں تقریبا ساڑھے تین گھنٹے مختلف پروگراموں میں شامل ہونے کے بعد یہاں سے تقریباً آٹھ بجے رات میں واپس دہلی لوٹ جائیں گے ۔
مسٹر مودی کے دورے کے دوران بي ایچ یو کے ٹراما سینٹر کاافتتاح ، انٹی گریٹیڈ پاور ڈیولپمنٹ اسکیم کا آغاز کرنے اور ایک عوامی جلسے سے خطاب کرنے کا پروگرام ہے ۔ اس سے پہلے مسٹر مودی گزشتہ سال سات آٹھ نومبر اور پھر 25 دسمبر کو وارانسی آئے تھے اور مختلف پروگراموں میں حصہ لیا تھا۔
وزیر اعظم کے طور پر اپنے پارلیمانی حلقہ کے پہلے دو روزہ دورے کے دوران انہوں نے بڑالالپور میں بنکروں کے لئے ٹریڈ فیسلٹي سینٹر کا سنگ بنیاد، تاریخی اسی گھاٹ پر خود بیلچہ چلا کر صفائی مہم کا آغاز کرنے کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کے طور پر اپنے گود لیے جیاپور گاؤں میں اجتماع سے خطاب کیا تھا۔