نئی دہلی ۔ ملک کی تاریخی شاہی مسجد کے امام سید احمد بخاری قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جب کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سید احمد بخاری کے چھوٹے بھائی طارق بخاری کا کہنا تھا کہ حملہ آور نوجوان نے نماز کے دوران امام مسجد پر تیل کی بوتل پھینک کر انہیں آگ لگانے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہا اور حملہ آور کو گارڈز اور نمازیوں نے بر وقت پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ سید احمد بخاری حملے میں محفوظ رہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور کا نام کمال الدین اوراس کی عمر 30 سال سے زائد ہے جو مغربی بنگال کا رہائشی ہے۔
دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جس کے بعد ہی حملے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا۔