انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کے رکن نے عزاداران حسینی پر حملے میں آل خلیفہ حکومت کے کارندوں کے اقدام کی مذمت کی ہے۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کے رکن ھیثم ابو سعید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موثق اطلاعات و معلومات کی بنیاد پر آل خلیفہ حکومت کے اہل کاروں نے صرف ماہ محرم اور عاشورا حسینی کی مناسبت سے مذہبی مراسم پر حملے کیئے ہیں اور آل خلیفہ کی حکومت کے اہل کاروں کا یہ اقدام بحرین میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
ابوسعید نے بحرین کے عوام کے خلاف آل خلیفہ حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرین میں عدل و انصاف کی برقراری کے لئے آل خلیفہ حکومت پر دباؤ بڑھائے۔
انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کے رکن نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آل خلیفہ حکومت نے بحرین کے عوام کے برحق مطالبات کے مقابلے میں کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا ہے، کہا کہ بحرین میں عوام پر مظالم ڈھائے جانے کا سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو اس ملک کا بحران مزید بڑھ جائے گا۔