یروشلم: اسرائیلی وزیر دفاع ایوڈگور لیبرمین نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ وہ عراق میں موجود ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، انہوں نے کہا ہےکہ جہاں بھی ضرورت ہوگی اسرائیل حملہ کرے گا۔
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ’ اسرائیل اپنے آپ کو شام تک محدود نہیں رکھے گا جہاں بھی ہمیں ایرانی خطرہ محسوس ہوا ہم اس سے نمٹ لیں گے چاہے وہ کہیں بھی ہو‘۔
اس حوالے سے جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اسرائیل اس قسم کی کارروائیوں کا اختیار رکھتا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے پاس ہر طرح کی کارروائی کی آزادی ہے، لہٰذا ہر قسم کے خطرے کا جواب دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل شمالی سرحد کے ساتھ فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے اور شام میں موجود تمام فریقین اسرائیلی صلاحیتوں سے بہت اچھی طرح آگاہ ہیں۔
عرب خبر رساں ادارے عرب نیو زکے مطابق شام میں ہونے والے حالیہ حملوں میں ایرانی شہریوں کی ہلاکت کو بھی اسرائیلی کارروائیوں کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔
Pages: 1 2



















