نئی دہلی: ہندوستان کی کوششوں سے آج پہلا ‘عالمی یوم یوگا’ منایا جا رہا ہے۔
دسمبر 2014 میں ہندوستان کی کوششوں کی وجہ سے اقوام متحدہ نے 21 جون کو ‘یوگا کا عالمی دن’ قرار دیا تھا۔ہندوستان کے وزیر اعظم 64 سالہ نریندر مودی نے دارالحکومت نئی دہلی میں انٹرنیشنل یوگا ڈے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر دلی کے راج پاٹھ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔عالمی یوم یوگا کی تقریب میں راج پاٹھ گیٹ پر 35 ہزار لوگوں نے شرکت کی۔
تقریب کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا، جس میں 35 ہزار افراد نے ایک ساتھ یوگا کیا، جن کی قیادت ہندوستان کے وزیراعظم کر رہے تھے۔
اس موقع پر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا تھا تا کہ وہ اس ایونٹ کو بک میں شامل کر سکے۔
دہلی میں ہونے والی یوگا کی تقریب میں ہندوستان کے آرمی چیف دلبیر سنگھ سھاگ، دہلی کے وزیر اعلیٰ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجری وال سمیت کئی وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری افسران سمیت عام افراد شریک تھے۔
خیال رہے کہ ہندوستان میں اس دن کی تیاریاں کئی روز سے جاری تھیں، یوگا کی مشقوں کے لیے پورے ملک میں 10 ہزار کیمپ لگائے گئے ہیں۔
ریاست گجرات کے شہر ‘صورت’ میں کئی افراد نے سوئمنگ پول کے اندر یوگا کے مختلف آسن (مشقیں) کئے، ان لوگوں کے مطابق پانی میں یوگا کرنے سے اس کے زیادہ فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
ہندوستان ایئر لائن ‘اسپائس جیٹ’ میں دوران پرواز مسافروں کو یوگا کروایا گیا۔
دہلی سے گوہاٹی جانے والی پرواز میں یوگا انسٹرکٹرز نے مسافروں کو یوگا کی مختلف مشقیں کروائیں، اس موقع پر مسافروں کا کہنا تھا کہ دیگر پروازوں میں بھی یوگا کروانے کا انتظام ہونا چاہیے۔
یوگا ڈے پر چالیس ہزار ایمبولنسز راج پاٹھ پر کسی ہنگامی صورتحال کے لئے تیار موجود تھیں۔
واضح رہے کہ کانگریس نے اس دن کے لیے کئے جانے والے بی جی پی کی حکومت کے اقدامات کو مقبولیت بڑھانے کا ہتھکنڈا قرار دیا ہے۔