روس میں فٹبال کپ کا عالمی میلہ شروع ہونے سے پہلے ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان نو جون کو ایک دوستانہ میچ کھیلا جائے گا تاہم اس خبر نے فلسطینوں کو اداس کر دیا ہے۔
70 فلسطینی بچوں کے ایک گروپ نے ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انھیں اسرائیل کے خلاف کھیلے جانے والے دوستانہ میچ میں شرکت نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔
خیال رہے کہ ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان یہ دوستانہ میچ یروشلم کے جنوب میں ٹیڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو 70 برس پہلے عرب اسرائیل جنگ میں تباہ ہو گیا تھا۔
سنہ 1948 میں ہونے والے اس جنگ کے بعد اسرائیلی افواج نے فلسطینی باشندوں کو بے گھر کر دیا تھا۔