نئی دہلی۔ سی بی ایس ای بورڈ کے دسویں کلاس کے میتھمٹکس پیپر کا امتحان دوبارہ نہیں ہو گا۔ یہ اطلاع انسانی وسائل و ترقیات کی وزارت میں اسکول ایجوکیشن کے سکریٹری انل سوروپ نے آج ٹویٹ کرکے دی۔ سوروپ نے بتایا کہ دسویں کے میتھمٹکس پیپر کا امتحان دہلی قومی راجدھانی خطہ علاقہ اور ہریانہ میں دوبارہ نہیں لیا جائے گا۔
قابل غور ہے کہ میتھمٹکس پیپر کے لیک ہونے کی خبریں گزشتہ دنوں اخباروں میں آئی تھیں تب سی بی ایس ای نے کہا تھا کہ وہ ان خبروں کی تحقیقات کرنے کے بعد ہی اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ لے گا۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات اور اسٹوڈنٹس کے مفادات کو ذہن میں رکھتے ہوئے میتھمٹکس کا امتحان دوبارہ نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں سی بی ایس ای کے 12 ویں کے اکنامکس کے پیپر لیک ہونے کے سنسنی خیز معاملے میں چار ٹیچروں کو گرفتار کیا گیا تھا اور سی بی ایس ای کے افسر کے ایس رانا کو معطل کردیا گیا تھا۔