واشنگٹن: فوربز میگزین نے مسلسل تیسرے سال روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو دنیا کی طاقتور ترین شخصیت قرار دے دیا، جبکہ جرمن چانسلر اینجلا مرکل سب سے بااثر خاتون قرار پائیں۔
امریکی میگزین فوربز کے مطابق رواں سال طاقتور ترین افراد کی فہرست کے لیے دنیا بھر سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 73 افراد کو چنا گیا ہے۔
اس فہرست کو مرتب کرنے کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد کو چار زاویوں سے پرکھا جاتا ہے۔
فہرست مرتب کرنے کے لیے منتخب کیے گئے افراد کے حوالے سے سب سے پہلے یہ دیکھا جاتا ہے کہ ان کا، آبادی کے کتنے حصے پر اثر و رسوخ قائم ہے۔
اس کے بعد یہ جانچ کی جاتی ہے کہ ان افراد میں سے ہر ایک کو، مالیاتی وسائل پر کتنا اور کس حد تک کنٹرول حاصل ہے۔
سربراہان مملکت کے حوالے سے ملک کی جی ڈی پی دیکھی جاتی ہے جبکہ کمپنی مالکان کے لیے ان کے اثاثوں اور ریونیو کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
فہرست میں شامل کیے جانے والے افراد کے حوالے سے تیسرے نمبر پر اس بات کا تعین کیا جاتا ہے کہ انہیں کتنے شعبوں میں اثر و رسوخ حاصل ہے۔
یہ پڑھیں : اوباما طاقتور ترین شخص قرار
چوتھے نمبر پر اس بات کا یقین کیا جاتا ہے کہ فہرست میں شامل افراد اپنی طاقت متحرک طور پر استعمال کر رہے ہیں یا نہیں۔
میگزین کی رواں سال جاری کردہ طاقتور ترین افراد کی فہرست میں ولادی میر پیوٹن کے بعد دوسرے نمبر پر جرمن چانسلر اینجلا مرکل ہیں، جو گزشتہ سال پانچویں پوزیشن پر تھیں۔
گزشتہ سال دوسری پوزیشن پر موجود امریکی صدر براک اوباما کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے اور وہ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پاپ فرانسس فہرست میں چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
پانچواں طاقتور ترین شخص چین کے صدر شی چن پنگ کو قرار دیا گیا ہے جبکہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نویں نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جرمن چانسلر دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار
مسلم دنیا سے کوئی رہنما پہلے دس افراد میں موجود نہیں ہے، تاہم سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز اس فہرست میں 14ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور وہ 18ویں طاقتور ترین شخص قرار پائے ہیں جبکہ اسرائیل کے صدر بنجمن نیتن یاہو 21ویں نمبر پر ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون طاقتور ترین افراد کی فہرست میں 40ویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ حیران کن طو پر دہشت گرد تنظیم داعش کے خود ساختہ خلیفہ ابوبکر البغدادی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں، اور وہ دنیا کے 57ویں بااثر اور طاقتور ترین شخص ہیں۔
کینیڈا کے نومنتخب وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو بھی اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں اور ان کا فہرست میں 69واں نمبر ہے۔
ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی دنیا میں تہلکہ مچانے والے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس، گوگل کے لیری پیج اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ بالترتیب چھٹے، دسویں اور انیسویں نمبر پر موجود ہیں۔




















