نئی دہلی: سیاست کے میدان میں قدم رکھنے والی سابق ہندوستانی اداکارہ جیا بچن نے ایوان بالا ‘راجیہ سبھا’ میں اسپیکر کی جانب سے توجہ نہ ملنے پر ‘جامنی رنگ’ کی جیکٹ پہننے کی دھمکی دے ڈالی تاکہ انھیں نوٹس کیا جاسکے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق جیا بچن اُس وقت غصے میں آگئیں جب راجیہ سبھا میں ڈپٹی چیئرمین وی جے کرین، حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن کے درمیان اترکھنڈ کے بجٹ کے حوالے سے بل پر ہونے والی بحث اور گرما گرمی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس موقع پر جیا بچن طیش میں آگئیں اور انھوں نے کھڑے ہوکر کہا، ‘سر آپ سیتا رام سے بات کرنے میں مصروف ہیں، پلیز میری بات سنیں’، انھوں نے مزید کہا، ‘یہ دوسری جماعتوں کے حق میں بہتر نہیں ہے، کیونکہ وہ چلاتے نہیں ہیں اور ایوان کو ڈسٹرب نہیں کرتے’۔
سماج وادی پارٹی کی رکن جیا بچن نے کہا کہ وہ گذشتہ 3 سیشنز سے ایوان بالا میں خواتین کی بہبود کے حوالے سے بحث کی درخواست کر رہی ہیں، لیکن ان کے نوٹسز پر کوئی ردعمل نہیں دیا جارہا۔

Advertisement
جیا نے دھمکی دیتے ہوئے کہا، ‘ کل میں جامنی رنگ کی جیکٹ پہن کر آؤں گی تاکہ مجھے نوٹس کیا جاسکے’۔
انھوں نے ڈپٹی اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ‘سر آپ ہمیں نوٹس نہیں کرتے، کیونکہ آپ نئے کانگریس کے رہنما سیتارام یچوری سے بات چیت میں مصروف ہیں’۔
واضح رہے کہ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی اکثریت ہے، جو ایک کے بعد دوسرے سیشن میں تحاریک التواء اور شور شرابے کے ذریعے حکومتی ایجنڈے کو متاثر کرتی رہتی ہیں۔