جودھپور کی سیشن کورٹ نے بالی وڈ سٹار سلمان خان کی ضمانت کا فیصلہ سنیچر تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
سلمان خان کو گذشتہ روز ہرنوں کے شکار کے معاملے میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد انھوں نے سیشن کورٹ میں ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست داخل کر رکھی ہے۔
اداکار سلمان خان کے وکیل مہیش بوڑا نے بتایا کہ عدالت میں ضمانت پر بحث مکمل ہو چکی ہے۔ جج نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے جمعرات کے فیصلے کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ ریکارڈ دیکھنے کے بعد سلمان خان کو ضمانت پر رہا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وہ سنیچر کو سنائیں گے۔
مہیش بوڑا نے بتایا کہ سیشن کورٹ میں انھوں نے یہ دلیل پیش کی کہ ذیلی عدالت کا جمعرات کا فیصلہ بالکل غلط ہے اور اس میں بعض گواہ ایسے پیش کیے گئے تھے جن کی گواہی ایک متعلقہ معاملے میں مسترد کر دی گئی تھی۔
Pages: 1 2




















