کینسر ایک جان لیوا مرض ہے جو اب قابل علاج تو ہے مگر وہ بھی اس صورت میں اگر اس کی جلد تشخیص ہوجائے اور تھراپی کا مرحلہ بھی کافی مشکل ہوتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ روزانہ کچھ دیر کی ورزش آپ کو 13 اقسام کے کینسر سے تحفظ دے سکتی ہے؟
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
نارتھ کیرولائنا یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران 14 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور درجنوں رضاکاروں کو چہل قدمی، تیراکی یا دوڑنے جیسی ورزشوں کی ہدایت کی گئی۔گیارہ سال تک ان رضاکاروں کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہوتے ہیں ان میں 13 اقسام کے کینسر کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ورزش کے نتیجے میں غذائی نالی کے کینسر کا خطرہ 42 فیصد، جگر کے کینسر کا 27 فیصد، پھیپھیڑوں کے کینسر کا 26 فیصد، گردوں کے کینسر کا 23 فیصد، معدے کے کینسر کا 22 فیصد، مادر رحم کے کینسر کا 21 فیصد، آنتوں کے کینسر کا 16 فیصد، گردن اور سر کے کینسر کا 15 فیصد، مثانے کے کینسر کا 13 فیصد اور بریسٹ کینسر کا خطرہ 10 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ مجموعی طور پر جسمانی طور پر زیادہ متحرک رہنا ہر قسم کے کینسر کا خطرہ 7 فیصد تک کم کردیتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جسمانی سرگرمیاں کینسر کی روک تھام اور اس مرض کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کے لیے کنجی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
تاہم تحقیق میں یہ نہیں بتایا گیا کہ روزانہ کتنی ورزش کرنے کی ضرورت ہے یا زندگی کے کس دور میں لوگ ورزش شروع کرکے یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ ان سوالات کے جوابات کے لیے مزید تحقیق کی جائے گی۔
یہ تحقیق طبی جریدے جرنل جاما انٹرنل میڈیسین میں شائع ہوئی۔



















