کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر اس کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔
نیو لینڈز میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا میزبان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
26 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی اوپننگ بلے باز ریزا ہینڈرکس کے ساتھ پاکستانی بلے بازوں پر قہر بن کر برسے اور 131 رنز کی شراکت قائم کی۔
فاف ڈیوپلیسی 78 اور ریزا ہینڈرکس 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستانی باؤلز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے 200 رنز کرنے کے خواب کو چکنا چور کردیا۔
جنوبی افریقہ نے ابتدائی 15 اوور میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 157 رنز اسکور کر لیے تھے، تاہم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز اسکور بناسکی۔



















