لکھنو :گرفتار کئے گئے دہلی کے وزیر قانون جتیندر سنگھ تومر کو آج ان کی جعلی مارک شیٹ اور بی ایس سی کی ڈگری کے معاملہ پر رام منوہر لوہیا اودھ یونیورسٹی کے حکام کے سامنے پیش کرنے کے لئے آج فیض آباد لے جایا گیا ہے ۔
دہلی پولیس کی پانچ رکنی ٹیم آج صبح ٹرین کے ذریعہ لکھنو پہنچ گئی اور جی پی آر لکھنو میں ملزم کی موجودگی درج کرانے کے بعد تومر کو مالدہ ایکسپریس کے ذریعہ فیض آباد لے گئے ۔
لکھنو اسٹیشن پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تومر نے دعوی کیا کہ وہ بے قصور ہیں اور انہوں نے اصلی مارک شیٹ اور فیض آباد یونیورسٹی کی دی ہوئی بی ایس سی ڈگری کے سرٹیفکیٹ ہی جمع کرائے تھے ۔
آپ پارٹی کے لیڈر کو کل گرفتار کیا گیا تھا اور چار دن کے لئے پولیس کی حراست میں دے دیا گیا ہے ان کا یہ الزام ہے کہ ملک میں ایمرجنسی جیسے حالات ہیں اور اس پورے واقعہ کے لئے مرکز کی بی جے پی حکومت کا ہاتھ ہے ۔
انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ جلد ہی مرکز کی سازش لوگوں کے سامنے آجائے گی۔
تومر نے اپنی گرفتاری کے بعد دہلی کی وزارت سے ا ستعفی دے دیا تھا۔آج رات کو بذریعہ ٹرین فیض آباد سے دہلی واپس آجائیں گے ۔
دریں اثنا اودھ یونیورسٹی کے حکام نے دعوی کیا ہے کہ وزیر کی مارکس شیٹ اور بی ایس سی کی ڈگری کے سرٹیفکیٹ کی فوٹو کاپی کے بارے میں آر ٹی آئی اطلاع مانگی گئی ہے ، وہ نقلی ہیں۔