بنگلورو: ہندوستان میں ریاست کرناٹکا کے دارالحکومت بنگلور سمیت 12 شہروں کے نام آفیشل سطح پر تبدیل کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے اور اب بنگلور کو بنگلورو پڑھا اور لکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہندوستان کے لاتعداد شہروں کے نام تبدیل کیے جا چکے ہیں۔
چالیس سالہ جدوجہد کے بعد 1995 میں بمبئی کا نام تبدیل کر کے ممبئی رکھ دیا گیا تھا جبکہ 1996 میں مدراس کا نام تبدیلی کے چنئی، کلکتہ کا نام 2001 میں تبدیلی کے بعد کولکتہ اور پونا کا نام 2008 میں تبدیلی کے بعد پونے رکھ دیا گیا تھا۔
اس سے قبل اعلامیہ جاری کیے جانے سے قبل ہی بیلگوم نے اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے بیلاگاوی نام لاگو کردیا تھا۔
ریاست کرناٹکا میں 12 شہروں کے نام تبدیل کیے گئے ہیں تاہم میسور کی یونیورسٹی کی جانب سے نام برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
کرناٹکا کی حکومت نے 2006 میں وفاق کو 12 شہروں کے ناموں کی تبدیلی کی فہرست کے ساتھ درخواست بھیجی تھی لیکن اس موقع پر ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے اس کے خلاف ایک اور درخواست بھیج کر موقف اختیار کیا تھا کہ بیلگوم کا نام تبدیل کرنے سے مراٹھی بولنے والے لوگوں کی دل آزاری ہو گی۔
اس کے علاوہ جن دس شہروں کے نام تبدیل کیے گئے ہیں ان میں میسور کا تبدیلی کے بعد میسورو، منگلور کا منگلورو، گلبرگا کا کلبرگی، ہُبلی کا ہُبلّلی، شموگا کا شیوا موگا، چِکمگالور کا چکامگالورو، بیلاری کا بلاری، بیجاپور کا وجے پورا، ہوسپیٹ کا ہوسا پیٹے اور تُمکُر کا تُماکورو شامل ہیں۔