نیویارک : نیویارک کے نومنتخب میئر زہران ممدانی کی روانی سے اردو بولتے ہوئے الیکشن مہم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ 34 سالہ زہران ممدانی جو امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ سپر پاور ملک کی تاریخ میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے پہلے مسلم میئر ہیں۔
زہران ممدانی کی الیکشن مہم میں بھی ایشیائی ثقافت کا رنگ نمایاں رہا اور اب میئر منتخب ہونے کے بعد ان کی الیکشن مہم کے دوران روانی سے اردو بولتے ہوئے اپنے ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے جاری پیغام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہے۔
زہران ممدانی کی والدہ میرا نائر کیونکہ ایک معروف فلمساز بھی ہیں۔ اس لیے ان کی انتخابی مہم میں اردو کی چاشنی کے ساتھ بالی ووڈ فلموں کے نغمات کا تڑکا لگا بھی نظر آیا۔
وہ نیویارک کی سڑکوں پر گھومتے ہوئے پیغام دیتے ہیں۔ اپنا منشور بتاتے ہیں اور بالی ووڈ فلموں کے مشہور گانوں کے ٹکڑوں کے ذریعہ اپنے مخالفین کے منشور کی پول کھولتے دکھائی دیتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ اہم یہ نہیں کہ میں کیا بنوں گا اہم یہ ہے کہ میں کیا کروں گا۔ میئر بننے کے بعد میں نہ صرف اپنی کمیونٹی بلکہ ہر نیویارکر کے لیے بہترین کرنے کی کوشش کروں گا۔ ان کا روٹی کپڑا اور مکان کا مسئلہ حل کرنے کے لیے لڑ رہا ہوں۔