سری نگر :وادی کشمیر میں دو دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات پیر کی صبح بحال کردی گئیں۔ وادی میں ریل خدمات 7 جولائی کو مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر معطل کی گئی تھیں۔ مزاحمتی قیادت نے ہڑتال کی کال قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے ہاتھوں دختران ملت سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نصرین کو گرفتار کرکے دہلی منتقل کرنے کی کارروائی کے خلاف دی تھی۔
تاہم حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر برہان مظفر وانی کی دوسری برسی کے حوالے سے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری کردہ احتجاجی پروگرام کے پیش نظر ریل خدمات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔