گزشتہ برس ایک ویڈیو میں ساتھی کلاس فیلو کو آنکھ مارنے کی ادا سے ایک ہی رات میں اسٹار بن جانے والی اداکارہ پریا پرکاش وریئرpriya prakash varrier کی پہلی بولی وڈ فلم ’سری دیوی بنگلو‘ کا ٹیزر سامنے آتے ہی تنازع کھڑا ہوگیا۔
پریا پرکاش وریئر کی اس فلم کے 2 منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹریلر میں انہیں ایک نوجوان اور خوبرو اداکارہ کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو بظاہر پر تعیش زندگی گزارتی نظر آتی ہیں۔
اگرچہ ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی زندگی سے ملتی جلتی ہے۔
ٹریلر میں پریا پرکاش سری دیوی نامی ایک خوبرو اداکارہ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتی ہیں، جو شراب نوشی اور سوئمنگ پول میں نہانے سمیت پرتعیش زندگی گزارتی نظر آتی ہیں۔
ساتھ ہی ٹریلر میں خوبرو اداکارہ کی زندگی میں کچھ چھپے مسائل کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔ٹریلر کے اختتام پر دکھایا گیا ہے کہ پرتعیش زندگی گزارنے والی خوبرو اداکارہ ایک باتھ ٹب میں بے ہوشی کی حالت میں گر جاتی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ برس دبئی کے ایک ہوٹل میں باتھ ٹب میں نہانے کے دوران بے ہوشی کے بعد ڈوب کر ہلاک ہوجانے والی اداکارہ سری دیوی کی زندگی کی کہانی بھی اس فلم سے ملتی جلتی ہے۔
جہاں اس فلم کے ٹریلر کے آخر میں اداکارہ کو باتھ ٹب میں بے ہوش ہوتے دکھایا گیا ہے، ٹھیک اسی طرح فروری 2018 میں سری دیوی دبئی کے ہوٹل کے باتھ ٹب میں بے ہوش ہونے کے بعد ڈوبنے سے چل بسی تھیں۔
علاوہ ازیں ٹریلر میں اداکارہ کی دکھائی گئی پرتعیش زندگی بھی سری دیوی کی حقیقی زندگی سے ملتی جلتی ہے۔
‘Sridevi Bungalow’ trailer releases, Boney Kapoor sends legal notice to Priya Prakash Varrier film https://t.co/c216pvkcyN pic.twitter.com/z5BMasPd67
— thehushpost (@THP_India) January 15, 2019
سری دیوی کا کردار پریا پرکاش وریئر نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
اگرچہ پریا پرکاش اور فلم کی ٹیم نے اس بات کا دعویٰ نہیں کیا کہ یہ فلم سری دیوی کی زندگی پر ہی بنائی گئی ہے، تاہم ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فلم ان کی زندگی پر ہی بنائی گئی ہے۔
ٹریلر سامنے آنے کے بعد آنجھانی اداکارہ سری دیوی کے شوہر فلم ساز بونی کپور نے ’سری دیوی بنگلو‘ Sridevi Bungalow teaser کے فلم ساز کو قانونی نوٹس بھی بھجوادیا۔
ٹائمز ناؤ نے اپنی رپورٹ میں ایک اور شوبز ویب سائیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بونی کپور نے ’سری دیوی بنگلو’ کی ٹیم کو اپنی آنجھانی بیوی کی زندگی پر فلم بنانے کے معاملے پر قانونی نوٹس بھجوادیا۔
دوسری جانب ’سری دیوی بنگلو’ کے فلم ساز نے بھی بونی کپور کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس ملنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہیں گزشتہ ہفتے ہی نوٹس ملا تھا اور وہ اس نوٹس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔