دو روز قبل امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک ہائی اسکول کے طلباء پر اندھا دھند فائرنگ کے جرم میں قصور وار قرار دیے گئے 19 سالہ ملزم کے حوالے سے ایک نیا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے ایک سال پہلے اسکول میں قتل عام کے خطرناک عزائم ظاہر کر دیے تھے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے FBI نے اپنی تفتیش میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر’نیکولس کروز‘ کے نام بنے صفحے پر پوسٹ کردہ ایک جملہ ملا ہے۔ نیکولس کروز نامی اس شخص نے لکھا ہے کہ’عن قریب میں اسکول کا پیشہ ور بندوق بردار نشانہ باز کے طورپر مشہور ہوں گا‘۔
یہ جملہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ کیونکہ اسکول پر بچوں پر فائرنگ میں ملوث ملزم کا نام بھی نیکولس کروز ہی ہے۔ کیا سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ صفحہ اسی کا ہے۔ اگر اس کا جواب ہاں میں ہے تو اس سے واضح ہوتا ہے کہ ملزم نےبہت پہلے ہی اسکول میں قتل عام کے اپنے خطرناک عزائم کی پیش گوئی کر دی تھی۔