نئی دہلی : بالی ووڈ کی مشہور دھک دھک گرل مادھوری دکشت اپنی آنے والے تھرلر-ڈراما سیریز ‘مسز دیش پانڈے’ میں اپنے انتہائی غیر متوقع کردار سے ناظرین کو حیران کرنے والی ہیں۔
میکرز نے بڑے عرصے سے انتظار کیے جانے والے ٹیزر کے ساتھ شو کی ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
30 سیکنڈ کے اس ٹیزر میں مادھوری کو ایک بالکل نئے اور چونکا دینے والے کردار میں دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر کا آغاز ‘مسز دیش پانڈے’ سے ہوتا ہے جو سکون سے سبزی کاٹ رہی ہوتی ہیں۔ لیکن جیسے ہی ریڈیو پر ایک سیریل کلر کی خبر چلتی ہے، ان کے چہرے پر ایک پراسرار اور ہلکی سی خوفناک مسکراہٹ ابھر آتی ہے۔ یہی تضاد اس کرائم اور معمہ خیز نفسیاتی تھرلر کا ماحول طے کرتا ہے۔
ناگیش کوکنور کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز کو ایپلوز انٹرٹینمنٹ نے کوکنور موویز کے تعاون سے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فرانسیسی تھرلر ‘لا مانت’ کا ایڈاپٹیشن ہے، جسے ژاں نینشریک نے پروڈیوس کیا تھا۔ مادھوری کے ساتھ اس سیریز میں سدھارتھ چندرکر اور پریانشو چٹرجی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے مادھوری نے کہا کہ یہ رول انہیں ایک نئی دنیا میں لے گیا ہے۔