اسلام آباد: بین الاقوامی نیوز ادارے وائس آف امریکا (وی او اے) کی اردو اور پشتو ویب سائٹس کو پاکستان میں مبینہ طور پر بلاک کردیا گیا۔
ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے والوں کے سامنے ایک انتباہ آرہا کہ ’ محفوظ کنیکشن ناکام ہوگیا اور جب صفحہ لوڈ کر رہے ہیں تو www.urduvoa.com کنیکشن میں رکاوٹ کا سامنا ہے’۔
انتباہ میں لکھا ہے کہ’ جس صفحے تک آپ رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ دکھایا نہیں جاسکتا کیونکہ موصول ہونے والے ڈیٹا کی تصدیق نہیں کی جاسکتی‘۔
وائس آف امریکا کے لیے کام کرنے والے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’پشتو ویب سائٹ کچھ مہینے پہلے بلاک کردی گئی تھی، تاہم گزشتہ ہفتے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما محسن داوڑ کی پریس کانفرنس کی کوریج کے بعد اردو ویب سائٹ تک رسائی بھی ناممکن ہوگئی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی طور پر ہمیں یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کچھ مقامات پر ویب سائٹ تک رسائی ممکن نہیں لیکن بعد ازاں یہ مکمل طور پر بلاک ہوگئی تھی‘۔