حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے
جاپان میں ایک شخص کی جانب سے بلٹ ٹرین پر خودسوزی کی کوشش کے بعد ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔
جاپانی محکمۂ ریل کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ خودسوزی کا واقعہ منگل کو شنکانسن نامی بلٹ ٹرین پر پیش آیا جب پہلی ہی بوگی کے ایک مسافر نے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا لی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 11 بجے اوداوارا نامی شہر کے قریب رونما ہوا۔
ان کے مطابق مذکورہ ٹرین ٹوکیو سے اوساکا جا رہی تھی اسے فوری طور پر روکنا پڑا۔
جاپان میں مقامی ٹی وی چینلز پر نشر کی جانے والی فوٹیج میں ٹرین کی بوگی سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
اوداوارا نے آگ بجھانے کے محکمے کا کہنا ہے کہ مسافروں میں سے دو کو یہ واقعہ دیکھ کر دل کا دورہ بھی پڑا جس کے بعد انھیں طبی امداد دی گئی۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق خودسوزی کرنے والا شخص ہلاک ہوگیا ہے۔
جاپان میں بلٹ ٹرینیں 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہیں اور ان کا حفاظتی ریکارڈ بہت اچھا ہے۔